کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تحت قائم انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ کرافٹ میں شارٹ کورسز مکمل کرنے والے طلباء کے لیے ”تقسیم اسناد تقریب 2025“ اسٹوڈیو II میں منعقد ہوئی، جس میں کامیاب طلباء کو اسناد پیش کی گئیں۔ تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے خصوصی شرکت کی جبکہ ٹیلی وژن ڈائریکٹر، پروڈیوسر و اداکار خالد احمد، معروف مصور شاہد رسام، گلوکار احسن باری، ڈانس اکیڈمی کے مانی چاﺅ، عماد الرحمن اور محمد ذیشان نے بھی اظہارِ خیال کیا۔
کراچی میں نوجوان کے قتل اور ریوو چھیننے والے 4 ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ یہ ادارہ ہم نے محنت اور جذبے سے قائم کیا ہے، یہاں ہر باصلاحیت نوجوان کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کی تربیت سے طلباء کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور آج یہاں کے طلباء کی پینٹنگز عالمی سطح پر فروخت ہو رہی ہیں۔
اداکار خالد احمد نے طلباء کو نصیحت کی کہ اداکاری صرف پڑھنے یا سننے کی نہیں بلکہ پریکٹس سے نکھرتی ہے۔ معروف مصور شاہد رسام نے کہا کہ لگن اور محنت سے طلباء بھی بڑی کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔ گلوکار احسن باری نے کہا کہ آرٹس کونسل میوزک، تھیٹر، ڈانس اور آرٹ کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ ڈانس اکیڈمی کے مانی چاﺅ نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو آرٹ اور ڈانس سیکھنے کی حوصلہ افزائی کریں۔ عماد الرحمن نے کہا کہ آرٹس کونسل پاکستان کا واحد ادارہ ہے جہاں طلباء کو میوزک پروڈکشن کی باقاعدہ تربیت دی جاتی ہے۔ محمد ذیشان نے کہا کہ آرٹس کونسل کے طلباء کا فن بڑے بڑے گیلریز میں نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے جو باعث فخر ہے۔
اس موقع پر مختلف شعبوں کے طلباء کو اسناد دی گئیں، جن میں فائن آرٹ (کیلی گرافی، ڈرائنگ، پینٹنگ) کے 23، ٹیکسٹائل ڈیزائن کے 3، گرافک ڈیزائن کے 20، میوزک (گٹار، وائلن، ووکل، کی بورڈ، آڈیو پروڈکشن) کے 38 اور تھیٹر کے 29 طلباء شامل ہیں۔

