پاکستان رینجرز (سندھ) نے کراچی کے علاقے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو ملزمان ندیم ولد حنیف اور فرحان علی ولد محمد ابراہیم کو گرفتار کر لیا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پسٹل بمعہ میگزین و ایمونیشن، ایک موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی۔
کراچی پولیس کی وردی میں ڈاکو شاہ فیصل کالونی میں اہلکاروں کی شہریوں سے لوٹ مار کی فوٹیج سامنے آگئی
ترجمان نے بتایا کہ کورنگی کے بلال چیک پوسٹ پر تعینات رینجرز اہلکاروں کو اطلاع ملی تھی کہ دو موٹر سائیکل سوار اسلحے کے زور پر پیٹرول پمپ منیجر سے نقدی چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس دوران پیٹرول پمپ عملے نے ایک ملزم کو موقع پر پکڑ لیا جبکہ دوسرے کو رینجرز اہلکاروں نے فرار ہوتے وقت گرفتار کر لیا۔
ملزمان کو اسلحہ، ایمونیشن اور برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پاکستان رینجرز (سندھ) نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن یا رینجرز واٹس ایپ نمبر پر دیں۔ ترجمان کے مطابق اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
