ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عظمیٰ بخاری کا مؤقف ان کی سیاسی مایوسی اور ناکامیوں کا عکاس ہے۔
استاد قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا عالمی یومِ اساتذہ پر پیغام
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی ہے، جبکہ عظمیٰ بخاری اپنے صوبے کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کر رہی ہیں۔
سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر کے نوجوانوں کو سیاسی شعور دیا ہے اور سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ مخالفین کے جھوٹے پروپیگنڈے کو عوام پہلے ہی رد کر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم بیانات کی سیاست کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کو نفرت نہیں بلکہ احترام اور اتفاق کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے۔ ان کے مطابق عظمیٰ بخاری عصبیت اور لسانیت کو ہوا دے رہی ہیں جو ان کی سیاسی تربیت کا حصہ ہے۔
ڈپٹی میئر کراچی نے پنجاب کے سیلاب متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کیں، مگر افسوس کہ عظمیٰ بخاری جیسے کردار ان کوششوں سے بھی خفا ہیں۔
