صوبائی وزیر بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے مستقبل کی تعمیر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ استاد نئی نسل کو علم، کردار اور شعور کی روشنی سے منور کرتا ہے۔
پی این ایس سی کی جانب سے لیاری میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر معاشرے ترقی نہیں کر سکتے، اور یہ صرف اساتذہ کی محنت، رہنمائی اور تربیت ہے جو قوموں کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔ ان کے مطابق استاد صرف علم ہی نہیں دیتا بلکہ کردار سازی اور انسانیت کا درس بھی دیتا ہے، جو معاشرتی اخلاقی بنیادوں کو مضبوط بناتا ہے۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اساتذہ کے مسائل کے حل اور تعلیم کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ مضبوط تعلیمی نظام ہی ایک باشعور اور مستحکم معاشرے کی ضمانت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کے احترام اور وقار کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور حکومت سندھ اساتذہ کو ہر ممکن سہولت اور وسائل فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ وہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دے سکیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عالمی یومِ اساتذہ ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ قوموں کی ترقی کا آغاز ہمیشہ استاد کے ہاتھ سے ہوتا ہے، لہٰذا ہمیں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے عملی حل کے لیے بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔
