کراچی: اورنگی ٹاؤن کی رہائشی 20 سالہ یسرا مبینہ اغواء کے ڈیڑھ سال بعد بازیاب کرالی گئی۔ صوبائی وزیر ترقی نسواں سندھ شاہینہ شیر علی بازیاب ہونے والی لڑکی کے گھر پہنچیں اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق بھی موجود تھے۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی ایک ہفتے میں بڑی کارروائیاں، 131 ملزمان گرفتار
شاہینہ شیر علی کے مطابق یسرا نے بتایا کہ اسے ڈیڑھ سال قبل ٹک ٹاک پر تعلق قائم ہونے کے بعد ملزم حمزہ نے اغواء کیا تھا۔ یسرا کا کہنا تھا کہ ملزم اور اس کی والدہ کی جانب سے اس پر بدترین تشدد کیا گیا، جس کی وجہ سے وہ شدید خوفزدہ رہی۔
لڑکی نے مزید بتایا کہ ملزم حمزہ نے زبردستی جھوٹا نکاح نامہ بھی تیار کروایا اور اسے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بناتا رہا۔ یسرا نے ڈیڑھ سال بعد موقع ملنے پر ایک رشتہ دار سے رابطہ کرکے اپنے ساتھ ہونے والے ظلم سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اطلاع ملنے پر مقامی ایم پی اے اعجاز الحق کی کوشش سے لڑکی کو بازیاب کرایا گیا جبکہ ملزم حمزہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
شاہینہ شیر علی نے یقین دلایا کہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت خواتین اور بچیوں پر مظالم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔
