کراچی: ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مؤثر کارروائیوں میں مجموعی طور پر 131 ملزمان گرفتار کرلیے۔ ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق کارروائیوں میں پولیس اور ملزمان کے درمیان 4 مقابلے بھی ہوئے جن میں 5 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
مددگار 15 کی بروقت کارروائی، زمان ٹاؤن سے اسلحے کے زور پر موبائل فون و پرس چھیننے والا ملزم گرفتار
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں 31 اسٹریٹ کرمنلز، 7 منشیات فروش اور 23 گٹکا ماوا فروش شامل ہیں، جبکہ 8 مفرور ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 28 پستول، 2 رائفل، ایک ریپیٹر بمعہ ایمونیشن، 1755 گرام چرس، 100 گرام آئس/کرسٹل، 510 گرام افیم، 1336 پڑیاں گٹکا ماوا اور 39 کلو چھالیہ برآمد کی گئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 6 موٹرسائیکلیں، 19 موبائل فونز، ایک کار اور 59 ہزار 720 روپے نقدی بھی برآمد ہوئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے تمام تھانوں کی حدود میں مؤثر حکمت عملی کے تحت عمل میں لائی گئیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں مزید تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

