کراچی (اسٹاف رپورٹر) — سندھ پولیس کے شعبہ ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے ٹریفک قوانین اور "فیس لیس ای ٹکٹنگ چالان” سے متعلق آگاہی سیمینار مقامی ہوٹل میں منعقد کیا گیا۔ تقریب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن سمیت مختلف محکموں کے افسران، صنعتکار، وکلاء، پروفیسرز، شوبز شخصیات اور ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی جی سندھ نے پہلی پولیس باکسنگ اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا
سیمینار کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جبکہ اس موقع پر فیس لیس ای ٹکٹنگ سے متعلق پروموشنل ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ نے نظام کی تفصیلات اور "کراٹ” (KRAAT) ایپلیکیشن کا تعارف پیش کیا۔ تقریب میں شوبز اداکار کاشف خان کو ٹریفک پولیس کراچی کا سفیر بھی نامزد کیا گیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ یہ نظام پولیس اور شہریوں کے درمیان براہِ راست انٹریکشن کو کم کرے گا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے تاکہ ٹریفک حادثات کی شرح کم کی جاسکے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ نئے نظام سے شفافیت بڑھے گی، ہیوی اور لائٹ وہیکلز میں ٹریکرز کی تنصیب لازمی ہوگی اور حادثات کی بروقت مانیٹرنگ ممکن ہوسکے گی۔
شرکاء نے ٹریفک پولیس کے اس جدید اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

