راولپنڈی (دنیا نیوز) — سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مارے جانے والے دہشتگرد بھارتی پراکسی تنظیموں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان سے تعلق رکھتے تھے۔
امریکا کا قطر کی سلامتی کی ضمانت، حملے کی صورت میں فوجی کارروائی کا اعلان
ترجمان پاک فوج کے مطابق پہلا آپریشن 30 ستمبر کو کوئٹہ میں خوارج کے ایک ٹھکانے پر کیا گیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرست خوارج کے 10 دہشتگرد مارے گئے۔
اسی طرح دوسرا آپریشن یکم اکتوبر کو ضلع کیچ میں کیا گیا، جہاں فتنہ الہندستان کے 3 دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد کیا گیا، جبکہ ہلاک دہشتگرد متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک دشمن عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے قومی عزم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
