واشنگٹن (ویب ڈیسک) — امریکا نے دوحا پر اسرائیلی حملے کے بعد قطر کی سلامتی کی کھلی ضمانت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی حملے کی صورت میں فوجی کارروائی کی جائے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے۔
کوالالمپور میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کا عشائیہ، نوجوان قیادت کے اعزاز میں تقریب
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا، قطر کے دفاع کے لیے فوجی کارروائی سمیت ہر ممکن اقدام کرے گا۔ انہوں نے قطر کو امن، استحکام اور خوشحالی کی جدوجہد میں امریکا کا ثابت قدم اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اور قطر قریبی فوجی تعاون اور مشترکہ مفادات کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے اپنے بیان میں کہا کہ قطر پر کسی بھی حملے کو امریکا پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ قطر کی سالمیت کے تحفظ کے لیے سفارتی، معاشی اور فوجی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے یقین دہانی کرائی ہے کہ قطر پر دوبارہ حملہ نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ دوحا سربراہی اجلاس میں عرب اور اسلامی ممالک نے بھی قطر سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
ادھر اقوام متحدہ کے اجلاس کے بعد امریکا کے دورے میں قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے ملاقات کے دوران نیتن یاہو نے 9 ستمبر کو دوحا میں اسرائیلی حملے پر معذرت بھی کی۔
