کراچی (کرائم رپورٹر) — ضلع کیماڑی کی موچکو پولیس نے تین مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات اور گٹکا ماوا کی سپلائی و فروشی میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 4 کلو سے زائد منشیات اور 2 بورے گٹکا ماوا برآمد کیا گیا۔
خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری کا بریسٹ کینسر آگاہی مہم کے موقع پر ویڈیو پیغام
ترجمان پولیس کے مطابق پہلی کارروائی موچکو چیک پوسٹ پر کی گئی، جہاں حب چوکی سے آنے والے پسنجر مزدا کی تلاشی کے دوران 2 ملزمان حافظ حمید اللہ اور بلال خان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 4540 گرام چرس برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی میں اسی چیک پوسٹ پر عارف نامی موٹر سائیکل سوار کو 115 گرام چرس سمیت گرفتار کیا گیا۔
تیسری کارروائی اسپارکو روڈ مواچھ گوٹھ میں کی گئی، جہاں عامر اور جنت گل کو 2 بورے گٹکا ماوا سمیت گرفتار کیا گیا۔
کارروائیاں ایس ایچ او تھانہ موچکو انسپکٹر ملک فیصل لطیف کی سربراہی میں انچارج موچکو چیک پوسٹ اور پولیس پارٹی نے عمل میں لائیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

