واشنگٹن/دوحہ (رائٹرز) — اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے قطری وزیرِاعظم محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے اور قطری سیکیورٹی اہلکار کی ہلاکت پر باضابطہ معافی مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران قطر کے وزیرِاعظم کو فون کیا اور 9 ستمبر کو ہونے والے فضائی حملے پر افسوس کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے دوحہ کے علاقے لیکتیفیا میں حماس کے مرکزی دفتر کو نشانہ بنایا تھا، جس میں حماس کے 5 ارکان اور ایک قطری سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔ حماس کے مطابق یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب رہنما امریکا کی جانب سے پیش کیے گئے غزہ جنگ بندی منصوبے پر غور کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق نیتن یاہو نے قطر کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مستقبل میں ایسے واقعات کے اعادے سے گریز کرے گا۔