اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت پاکستان نرسنگ کونسل سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری اور ایڈیشنل سیکریٹری صحت بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں پاکستان نرسنگ کونسل کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
سعید غنی کی یو اے ای کے قونصل جنرل سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ہدایت دی کہ کونسل کے تمام امور کو جلد از جلد کمپیوٹرائزڈ کیا جائے تاکہ انسانی مداخلت کم سے کم ہو اور میرٹ و شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نرسنگ کے شعبے میں کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کریں گے اور پاکستان نرسنگ کونسل کو ایک جدید، مؤثر اور بین الاقوامی معیار کا ادارہ بنائیں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ صحت کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، تاہم اس وقت پاکستان میں نو لاکھ نرسز کی کمی کا سامنا ہے جبکہ دنیا بھر میں تقریباً 25 لاکھ کوالیفائیڈ نرسز کی قلت موجود ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نرسنگ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں گے اور اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ نرسنگ کے معیار اور خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
