


کراچی (اسٹاف رپورٹر) — گلستان جوہر بلاک 9 میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بارش کے پانی سے بھرے گڑھے میں ڈوب کر 2 کمسن بچے جاں بحق ہو گئے۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں شدید گرمی منگل کو بارش کی پیش گوئی
ریسکیو حکام کے مطابق دونوں بچوں کی لاشیں ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئیں، جہاں ایک بچے کی شناخت 12 سالہ مرید حسین کے نام سے ہوئی، جب کہ دوسرے کی شناخت ابتدائی طور پر نہیں ہو سکی تھی۔ بعد ازاں پولیس نے تصدیق کی کہ دوسرا بچہ 11 سالہ حارث تھا۔
پولیس کے مطابق یہ گڑھا ایک زیر تعمیر عمارت کی بنیاد کھودنے کے بعد بارش کے پانی سے بھر گیا تھا۔ قریبی کچی آبادی کے رہائشی تین بچے نہانے کے لیے وہاں آئے، تاہم دو ڈوب کر جان کی بازی ہار گئے جب کہ ایک بچہ خوش قسمتی سے بچ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے ضابطے کی کارروائی جاری ہے اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا جائے گا۔