کراچی (اسٹاف رپورٹر) — کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کے دفتر کا دورہ کیا جہاں ضلع وسطی کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، ٹاؤن چیئرمینز، میونسپل کمشنرز، کے ڈی اے، کلک اور سولڈ ویسٹ سمیت دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ: بھاری گاڑیوں میں جدید حفاظتی نظام لازمی، پرانی گاڑیوں پر پابندی
اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ٹاؤن چیئرمینز نے اپنے اپنے سب ڈویژنز اور ٹاؤنز کی کارکردگی پیش کی۔ کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ اے ڈی پی منصوبوں سے متعلق رپورٹس فوری طور پر کمشنر پورٹل پر جمع کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ ضروری ہے جبکہ سب رجسٹرار کو بھی اپنے امور میں بہتری لانے کا پابند بنایا جائے۔
کے ڈی اے افسران نے بریفنگ میں بتایا کہ کریم آباد انڈر پاس رواں سال دسمبر تک مکمل کر دیا جائے گا۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ تمام ترقیاتی اسکیمز جلد از جلد اور معیاری کام کے ساتھ مکمل ہونی چاہئیں۔
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم نے اجلاس میں بتایا کہ ناگن چورنگی پر جدید پارک کی تعمیر کا کام کل سے شروع ہوگا جبکہ حیدری روڈ پر بارش کے پانی کے نکاس کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضیاالدین اسپتال کے سامنے ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر بھی جلد شروع کی جائے گی۔

