کراچی، 23 ستمبر 2025: پی این ایس رہبر میں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2025 کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی کمانڈر کراچی، وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی تھے۔
ٹرمپ کا اقوامِ متحدہ پر کڑا تنقید: “ہم نے دنیا میں امن لانے کی ذمہ داریاں سنبھالنی ہیں”
یہ مقابلے 23 سے 27 ستمبر تک کراچی ہاربر میں جاری رہیں گے جن میں پاکستان کے علاوہ مصر، ایران، ملائیشیا، سری لنکا اور تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے انیس غیر ملکی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ریگاٹا میں لیزر اسٹینڈرڈ/ILCA 7، لیزر ریڈیئل/ILCA 6 اور ونڈ سرفنگ RSX کیٹیگریز کے مقابلے شامل ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں مہمانِ خصوصی نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیل، خصوصاً سیلنگ، امن، بین الاقوامی تعاون اور سمندروں کے حوالے سے آگاہی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کھیلوں کے ان مقابلوں کے ذریعے علاقائی و عالمی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، سول شخصیات، اسپانسرز، کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریگاٹا قومی و بین الاقوامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کے ساتھ ساتھ خطے میں واٹر اسپورٹس کے فروغ کا ایک منفرد موقع فراہم کر رہا ہے۔
