اسلام آباد، 23 ستمبر 2025 — وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 25 ہزار بچیاں سروائیکل کینسر کا شکار ہو رہی ہیں، لیکن اس کے باوجود اس کے خلاف کچھ عناصر نے منفی مہم چلا رکھی ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ دنیا نے سروائیکل کینسر کے خلاف کامیاب حکمت عملی اپنائی اور 151 ممالک نے ویکسی نیشن کے ذریعے اس مرض پر قابو پا لیا ہے، جبکہ پاکستان اب بھی پیچھے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کی رائے ہے کہ آئندہ دس سالوں میں دنیا میں کینسر سے اموات نہ ہونے کے برابر ہوں گی، لیکن خدشہ ہے کہ پاکستان میں اس وقت بھی لوگ اس مرض سے جان کی بازی ہار رہے ہوں گے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ:
-
ویکسینیشن سے ہی بچاؤ ممکن ہے،
-
پاکستان میں جلنے والے مریضوں کی شرح اموات بہت زیادہ ہے،
-
ایسڈ حملوں کی روک تھام اور متاثرین کو جدید علاج کی سہولیات فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں موجودہ نظام کو ہیلتھ کیئر نہیں بلکہ "سِک کیئر سسٹم” کہا جا سکتا ہے۔ صرف صاف پانی کی فراہمی سے 68 فیصد بیماریاں ختم ہو سکتی ہیں، اس لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ عوام کو بیماری سے پہلے بچاؤ کی سہولیات فراہم کریں۔
