کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومتِ سندھ نے خواتین اور طالبات کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت "پنک اسکوٹیز پروگرام” پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ایم ڈی کنول بھٹو اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
نیویارک: فلسطین پر اعلیٰ سطح اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی اسحاق ڈار نے کی
شرجیل انعام میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت خواتین کے لیے ایک انقلابی قدم ہے۔ اسکیم خاص طور پر ان خواتین کے لیے متعارف کرائی جا رہی ہے جو روزمرہ آمدورفت کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک اسکوٹیز کے ذریعے نہ صرف خواتین کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ ان کے وقت اور پیسے کی بھی بچت ہوگی۔
ترجمان کے مطابق درخواست گزاروں کا ڈیٹا سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی مرتب کر رہی ہے جبکہ اسکوٹیز کی الاٹمنٹ شفاف طریقہ کار اور مکمل میرٹ کی بنیاد پر ہوگی۔ صوبائی وزیر نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
