اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے درمیان بائیسویں مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دو طرفہ تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
Wednesday, 17th September 2025
ترجمان اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر تجارت جام کمال جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی وزیر اربن ڈیویلپمنٹ فرزانہ صادق نے کی۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان متعدد اہم پروٹوکولز پر دستخط ہوئے۔
اجلاس میں صحت، تعلیم، توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
مزید برآں، دونوں ممالک نے لیبر کوآپریشن کے لیے مشترکہ کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا جو تعمیرات، ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبوں میں افرادی قوت کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے تجاویز پیش کرے گی۔
طے پایا کہ تئیسویں مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
