اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ لڑکیوں کو ایچ پی وی وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی قومی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو ملک کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
قومی مہم کے افتتاح کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے خاتونِ اول نے کہا کہ سروائیکل کینسر دنیا کا واحد ایسا کینسر ہے جس سے ویکسین کے ذریعے مؤثر انداز میں بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میں تمام والدین سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی 9 سے 14 سال کی بیٹیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگے۔”
بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ اس مہم کا مقصد پاکستان کی بچیوں کے لیے صحت مند اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنانا ہے۔ ان کے مطابق والدین، اساتذہ اور طبی ماہرین کو مشترکہ طور پر اس قومی مقصد میں کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کو خطرناک بیماریوں سے بچایا جا سکے۔
خاتونِ اول نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا: "آئیے مل کر اپنی بیٹیوں کے لیے ایک صحت مند مستقبل یقینی بنائیں۔”