کراچی: سینٹرل پولیس آفس کراچی میں سابق آئی جی سندھ راہو خان بروہی مرحوم کی یاد میں تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن، سابق آئی جیز، سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، اے آئی جیز سمیت سندھ پولیس کے افسران اور مرحوم کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
کراچی: رینجرز کا اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار، 528 کلو چھالیہ برآمد
اجلاس میں مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا و فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ سندھ پولیس اور اے ایف آئی جی پی کے زیر اہتمام مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کی یادگار تصاویر پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے مرحوم راہو خان بروہی کی زندگی، تعلیم، پولیس میں شمولیت اور پیشہ ورانہ خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم سادہ طبیعت، فرض شناس اور پیشہ ور افسر تھے جنہوں نے اپنے جونیئرز کے لیے رہنمائی اور تربیت کی یادگار مثالیں قائم کیں۔
نائب صدر اے ایف آئی جی پی غلام شبیر نے کہا کہ بروہی صاحب کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ خوشگوار رہا، وہ اپنے جونیئرز کو محبت اور پیشہ ورانہ انداز میں تربیت دیا کرتے تھے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ مرحوم کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، وہ اپنے کردار اور کام میں نہایت سادہ، محنتی اور باوقار افسر تھے۔ ان کی وفات محکمہ پولیس کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
سابق آئی جی ڈاکٹر کلیم امام نے کہا کہ سندھ پولیس اور اے ایف آئی جی پی کے پلیٹ فارم سے سابق آئی جیز کو یاد رکھنے اور ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی روایت نہایت احسن ہے۔
سابق آئی جیز نے کہا کہ مرحوم راہو خان بروہی دیانتدار، محب وطن اور پیشہ ور افسر تھے، ان کی رہنمائی اور کارہائے نمایاں ہمیشہ یاد رہیں گے۔

