کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع کیماڑی تھانہ ماڑی پور پولیس نے ہاکس بے روڈ پر دوران گشت پولیس مقابلے میں 2 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن (ر) فیضان علی کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کے متعدد واقعات میں ملوث تھے۔
کوٹ لکھپت جیل سے عمران خان کا پیغام: تمام کام چھوڑ کر سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے
پولیس رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات ایک شہری نے شادی ہال کے قریب گزرنے والے ڈاکوؤں کی نشاندہی کی، پولیس نے فوری تعاقب کیا تو ملزمان موٹرسائیکل سمیت گاڑی سے ٹکرا کر گر گئے اور پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم حسنین ولد پرویز احمد زخمی ہوگیا جبکہ دوسرا ملزم مزمل ولد غلام نبی بھی موقع پر قابو کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کچھ دیر قبل تھانہ سائیٹ بی اور تھانہ شیرشاہ کی حدود میں شہریوں اور میڈیا ٹیم سے لوٹ مار کی وارداتیں کرچکے تھے، جن میں موبائل فونز، پرس، لیپ ٹاپ اور نقدی چھینے گئے تھے۔
زخمی ملزم حسنین ماضی میں بھی ڈکیتی کیس میں تھانہ سعیدآباد سے گرفتار ہوچکا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 پستول بمعہ میگزین، 6 موبائل فونز، نقدی، گھڑی اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی۔
ایس ایچ او ماڑی پور انسپیکٹر سردار عباسی کی سربراہی میں کی گئی کارروائی کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
