کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت نے اپنی منصوبہ بندی 8 لاکھ کیوسک پانی کے بہاؤ تک کرلی ہے۔
ورلڈ کپ کوالیفائر پرتگال نے آرمینیا کو 0-5 سے مات دی رونالڈو اور فیلکس کے شاندار گولز
کراچی میں فلڈ مانیٹرنگ سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ ان کے مطابق پنجند میں پانی کا بہاؤ 7 لاکھ کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ تونسہ سے 2 لاکھ 17 ہزار کیوسک پانی دریائے سندھ میں شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 9 ستمبر کو گڈو بیراج پر پانی عروج پر ہوگا، اس لیے حکومت سندھ 8 لاکھ کیوسک کے ریلے کے مطابق تیاری کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق متاثرہ اضلاع سے لوگوں کی بروقت منتقلی ممکن بنائی گئی ہے اور سیلاب متاثرین کو امداد ہر صورت فراہم کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپس قائم ہیں، ادویات اور خوراک پہنچائی جارہی ہے۔ "یہ وقت ایک دوسرے کی مدد کا ہے، پنجاب بھی اس سیلاب سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور صدر آصف علی زرداری روزانہ دو بار صورت حال کے بارے میں ہم سے رابطے میں رہتے ہیں، بلاول بھٹو جلد سکھر کا دورہ کریں گے”۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی ہے۔ اس سال شہر میں توقع سے زیادہ بارشیں ہوئیں لیکن حکومت نے انتظامات مکمل رکھے۔ "ہم نے بارش کا پانی چار سے پانچ گھنٹے سے زیادہ کھڑا نہیں ہونے دیا۔”
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سیلابی صورتحال میں ناصر شاہ، مکیش چاؤلہ، جام دھاریجو، محمد علی ملکانی اور ریاض شاہ سمیت صوبائی اسمبلی کے نمائندے گراؤنڈ پر موجود ہیں۔ اب تک 3 لاکھ 24 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
