یومِ فضائیہ: شاہینوں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: ملک بھر میں آج 7 ستمبر کو یومِ فضائیہ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے جانبازوں کی شجاعت اور بہادری کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

ٹرمپ–عاصم منیر ملاقات کے بعد بھارت کو سوچنا ہوگا، سابق امریکی عہدیدار مارک کیمٹ

ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے۔ تقریب کا آغاز شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی سے ہوا اور 1965 و 1971 کی جنگوں کے شہدا سمیت وطن پر قربان ہونے والے تمام جانبازوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ایئرچیف مارشل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ شہدا قربانی، حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ تیزی سے بدلتی سیکیورٹی صورتحال میں اپنے مشن پر یکسوئی سے کاربند ہے، خلا، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں مزید صلاحیتیں بڑھائی جا رہی ہیں۔

ایئرچیف نے اس موقع پر کہا کہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابیاں پاک فضائیہ کے عزم اور صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کو جائز قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر چیف آف ایئر اسٹاف نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے۔

پاک فضائیہ کے سنہری کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے ایم ایم عالم کی بہادری بھی یاد کی گئی، جنہوں نے 1965 کی جنگ میں ایک منٹ کے دوران دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے تھے، جس پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں دشمن پر اپنی دھاک بٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ ناقابل تسخیر فضائیہ نے دشمن کو چاروں شانے چت کیا اور دنیا کو حیرت زدہ کر دیا۔

One thought on “یومِ فضائیہ: شاہینوں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!