لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دریاؤں اور آبی گزرگاہوں کو ریڈ زون قرار دینے کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کے لیے بڑے پیمانے پر بحالی اقدامات کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلے میں ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ بے گھر ہونے والے خاندانوں کو جلد از جلد رہائش فراہم کی جا سکے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت طویل اجلاس میں متاثرین کے مسائل پر غور کیا گیا۔ مریم نواز نے ہدایت دی کہ بحالی پیکیج میں امدادی رقوم میں اضافہ کیا جائے تاکہ متاثرہ افراد کی فوری مالی مدد ممکن ہو سکے۔ انہوں نے سیلاب زدہ کاشتکاروں کے لیے خصوصی پروگرام بنانے کی بھی ہدایت کی اور اربن یونٹ، بورڈ آف ریونیو سمیت دیگر محکموں کو فوری اقدامات کا پابند بنایا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بحالی پیکیج کے لیے شفاف سروے ناگزیر ہے، اس عمل کو ڈیجیٹل ریکارڈنگ کے ذریعے مکمل کیا جائے تاکہ متاثرین کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیکیج کا باضابطہ اعلان وہ خود کریں گی۔
گھر تباہ ہونے کے باعث واپس نہ جا سکنے والے خاندانوں کے لیے ہر ضلع میں عارضی مارکیز قائم کی جائیں گی جہاں مرد و خواتین کے لیے علیحدہ جگہیں، صاف پانی، کھانا اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ سردی سے قبل متاثرہ افراد محفوظ مقام پر منتقل ہو سکیں۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ سیلاب متاثرین کے گھروں کی بحالی تک وہ سکون سے نہیں بیٹھیں گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ آبی گزرگاہوں سے تجاوزات ختم کی جائیں اور دریاؤں، ندی نالوں کو ریڈ زون قرار دیا جائے تاکہ مستقبل میں سیلاب کے نقصانات کو روکا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کو فلڈ اور دیگر آفات سے بچانے کے لیے ماسٹر پلان کی اشد ضرورت ہے، قلیل المدتی اور طویل المدتی پالیسیاں بنا کر عوام کو محفوظ مستقبل دیا جائے گا۔ ’’لوگوں کے گھر اجڑ گئے ہیں، ہم کیسے چین سے بیٹھ سکتے ہیں؟‘‘ مریم نواز نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی توقعات پر پورا اترنا ان کی ذمہ داری اور اعزاز ہے۔
