کراچی : وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی تین روزہ سرکاری دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر ترجمان حکومت پاکستان راجا انصاری، ڈی ایس ریلوے اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ لاہور کی طرز پر کراچی کینٹ اسٹیشن کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا، جبکہ کراچی کے ساتھ حیدرآباد، سکھر اور روہڑی ریلوے اسٹیشنز پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔
راجا انصاری نے اس موقع پر کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے میگا منصوبے شہر قائد کے عوام کے لیے ایک بڑا تحفہ ہیں، اور ریلوے کی اپ گریڈیشن کے بعد لاکھوں شہری جدید سہولیات اور بہتر ماحول سے مستفید ہوں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اپنے دورے کے دوران سٹی ریلوے اور کینٹ اسٹیشن کا بھی دورہ کیا اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ ریلوے افسران نے انہیں آئندہ کی حکمت عملی اور جاری تعمیراتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر ریلوے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔