کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت آباد سپر مارکیٹ تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں اور شہری کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، جن میں سے ایک زخمی حالت میں ہے جبکہ 3 ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعہ لیاقت آباد نمبر 4 مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل سوار شہری کو 5 مسلح ڈاکوؤں نے لوٹنے کی کوشش کی۔ اسی دوران موقع پر موجود ایک نامعلوم شہری نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ڈاکو فاروق سر میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ زخمی ڈاکو کو پہلے عباسی شہید اور بعد ازاں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق دوسرا ڈاکو واردات کے بعد قریبی رہائشی عمارت میں جا چھپا، تاہم ایس ایچ او سپر مارکیٹ اور پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عمارت کا محاصرہ کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، جس کی شناخت محمد حنیف ولد نور محمد کے نام سے ہوئی۔ گرفتار ملزم کے خلاف ماڑی پور اور دیگر تھانوں میں ڈکیتی، رہزنی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت عمران، غلام مصطفیٰ اور ناصر کے ناموں سے ہوئی ہے جن کی تلاش جاری ہے۔
ایس ایس پی ضلع وسطی ذیشان شفیق صدیقی نے پولیس ٹیم اور بروقت ردعمل دینے والے شہری کی جرات کو سراہا اور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
