رواں سال سنتھیٹک ڈرگز خصوصاً آئس کے خلاف جاری ملک گیر مہم کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مستعد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بین الاقوامی منشیات اسمگلرز کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ کارروائی پسنی کی ساحلی پٹی کے قریب ایک سنسان کمپاؤنڈ میں کی گئی، جہاں ایک کنویں سے 187 کلو گرام آئس اور 225 جدید پستول برآمد ہوئے۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کمپاؤنڈ میں موجود ایک گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ منشیات اور اسلحہ کشتیوں کے ذریعے سمندری راستے سے یمن اور تنزانیہ اسمگل کیا جانا تھا۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں بڑھتی ہوئی منشیات کی پیداوار پاکستان کے لیے شدید چیلنجز پیدا کر رہی ہے، کیونکہ پاکستان کو اکثر ٹرانزٹ روٹ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم، اے این ایف جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس کے ذریعے نہ صرف افغانستان بلکہ ملک میں سرگرم بین الاقوامی منشیات گروہوں پر بھی کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کی سرزمین کو منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ کے استعمال سے بچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ محدود افرادی قوت اور وسائل کے باوجود اے این ایف ملک بھر میں منشیات کے خلاف بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

