پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں 5 ستمبر تک انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ہنگامی الرٹ جاری کردیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات، دوطرفہ تعاون پر اطمینان
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج، راوی، چناب اور ملحقہ نالوں میں سیلابی صورتحال تشویشناک ہے۔ دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے جبکہ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار رہے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 3 ستمبر تک دریاؤں کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ ہیڈ تریموں پر دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا بھی خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی لوکل گورنمنٹ، زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ کے محکموں کو بھی ہنگامی تیاریوں کی ہدایت دی گئی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ الرٹ ہے، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جاسکے۔
