کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سندھ اور وفاقی حساس اداروں نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے 5 کارندے گرفتار کر لیے۔ یہ کارروائیاں خفیہ اطلاعات پر ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے منگھوپیر اور ڈسٹرکٹ ایسٹ میں کشمیر روڈ پر کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے قریب کی گئیں۔
نیو کراچی میں سیلنڈر دھماکے سے دکان میں آگ، ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے شعلے بجھا دیے گئے
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں تحریک طالبان پاکستان کے اللہ نور اور سرفراز جبکہ القاعدہ برصغیر سے تعلق رکھنے والے سلیم، جہانزیب اور امداد اللہ شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، جسے فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد پڑوسی ملک سے عسکری تربیت یافتہ ہیں اور کراچی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ ان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے سہولت کاروں اور نیٹ ورک تک رسائی حاصل کی جاسکے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
