کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کو مدعی کی جانب سے مقدمہ واپس لینے پر ان کے دو ساتھیوں سمیت فیروزآباد تھانے سے رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔
ملزمان کے وکیل وقار عالم عباسی نے رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مدعی سہیل کے بیان اور تحریری درخواست کے بعد تینوں افراد کو رہا کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق مدعی نے باضابطہ طور پر مقدمہ واپس لے لیا ہے جس کے نتیجے میں فرحان غنی اور ان کے ساتھیوں کو کیس سے مکمل آزادی مل گئی ہے۔
یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے تین روز قبل فرحان غنی سمیت تین ملزمان کا جسمانی ریمانڈ 30 اگست تک منظور کیا تھا۔ وکیل کا کہنا ہے کہ رہائی کے بعد اب ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کی ضرورت نہیں، صرف تفتیشی افسر عدالت میں رہائی کی رپورٹ جمع کرائیں گے۔
ذرائع کے مطابق رہائی کی کارروائی فیروزآباد تھانے میں عمل میں آئی، جہاں غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔