اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) بھارتی میڈیا کا پاکستان کے خلاف ایک اور جھوٹا دعویٰ بے نقاب ہوگیا۔ بھارتی چینلز نے 28 اگست کو خبر چلائی کہ تین پاکستانی شہری کھٹمنڈو کے راستے بھارتی ریاست بہار میں داخل ہوئے اور انہیں دہشت گرد قرار دے کر ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا، تاہم حقیقت سامنے آنے پر بھارتی پروپیگنڈا دنیا کے سامنے آشکار ہوگیا۔
لاہور میں بارش کے دوران آسمانی بجلی اور چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق، 2 زخمی
تفصیلات کے مطابق یہ تینوں پاکستانی شہری سیاحت اور روزگار کے سلسلے میں نیپال اور کمبوڈیا گئے تھے۔ بہاولپور کے محمد عثمان ولد بشارت نے بتایا کہ وہ 8 اگست کو براستہ دبئی کھٹمنڈو روانہ ہوا تھا لیکن بھارتی میڈیا نے اسے دہشت گرد بنا کر پیش کیا۔
اسی طرح میرپور خاص کے عادل حسین نے وضاحت کی کہ وہ پرواز ایف زیڈ 344 کے ذریعے کھٹمنڈو پہنچا اور 27 اگست کو کمبوڈیا گیا، جبکہ نیپال میں صرف سیاحت کے لیے رکا تھا۔ کراچی کے حسنین علی نے کہا کہ وہ 28 اگست کو باتک ایئرویز سے ملائیشیا روانہ ہوا، نیپال بھی محض گھومنے پھرنے کے لیے گیا تھا اور بعد ازاں کمبوڈیا سے واپس پاکستان آنا تھا۔
تینوں پاکستانی شہریوں کے بیانات نے بھارتی میڈیا کے بے بنیاد دعوے کا پول کھول دیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بہار کے انتخابات سے قبل بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کی ایماء پر پاکستان مخالف پروپیگنڈا تیز کیا جا رہا ہے تاکہ اندرونی ناکامیوں پر پردہ ڈالا جا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل بھی خبردار کیا تھا کہ بھارت “آپریشن سندور” میں ہونے والی ہزیمت چھپانے کے لیے فیک انکاؤنٹرز اور جھوٹے الزامات کا سہارا لے گا۔ رواں سال مئی میں پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 رافیل سمیت 7 جنگی طیارے اور متعدد ائیر بیسز تباہ کیے تھے، جس کے بعد بھارت مسلسل جھوٹے بیانیے گھڑنے میں مصروف ہے۔
