لاہور (اسٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے اور خستہ حال مکان کی چھت گرنے کے دو الگ الگ واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کاہنہ کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد موقع پر جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب پرانی انارکلی میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی کچی مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ دو گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ بارش ہوئی۔ نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 145 ملی میٹر، چوک ناخدا میں 117، تاج پورہ میں 116، اپر مال میں 107، اقبال ٹاؤن میں 106 اور لکشمی چوک میں 102 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔