کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایپکس کمیٹی کے ایجنڈے کے تحت مختلف امور پر غور کیا گیا اور متعدد سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن، غیر قانونی پیٹرول پمپس کی بندش، کے الیکٹرک کے تعاون سے بجلی چوری کے خاتمے، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور اسمگلنگ و ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں 12 ربیع الاول کی تیاریوں کا جائزہ، مدارس کی رجسٹریشن، غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی (Repatriation) اور مرکزی و صوبائی ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد جیسے اہم معاملات بھی زیر بحث آئے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ مربوط حکمت عملی اختیار کریں اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات یقینی بنائیں۔