کراچی (کرائم رپورٹر) سرسید تھانہ کی حدود میں پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ دونوں ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سکھ برادری کا پاک فوج سے اظہارِ تشکر، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خصوصی خراجِ تحسین
تفصیلات کے مطابق واقعہ مین روڈ سلیم سینٹر کے قریب رونقِ شیرین بیکری کے سامنے پیش آیا، جہاں دورانِ گشت پولیس اہلکار محمد لائق اور وقار نے دو مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔ ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار محمد لائق بائیں ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوا تاہم دونوں ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور قریبی عمارتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ مفرور ملزمان کو شناخت کر کے گرفتار کیا جا سکے۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو ہنگامی بنیادوں پر ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

