کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کی نئی کنٹری ڈائریکٹر مس بولورما آنگابازار نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر عذرا فضل، ناصر حسین شاہ، سردار شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری فنانس فیاض جتوئی سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔
ورلڈ بینک کے وفد میں آپریشن منیجر گائیلیس، آپریشن آفیسر حنا سلیم لوطیہ، سینئر اکنامسٹ عدنان اشرف اور بلال ملائب بھی شامل تھے۔ اجلاس میں "پبلک ریسورسز فار اِنکلیوسو ڈویلپمنٹ” کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت ریونیو اور سروس ڈیلیوری کو مضبوط بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ سندھ حکومت غیرترقیاتی بجٹ کو کنٹرول کر رہی ہے جبکہ نئے ٹیکس ریونیو کی شرح نمو پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ ریونیو بورڈ کو ایک بہترین ٹیکس کلیکشن ادارہ بنایا گیا ہے، زرعی ٹیکس، سیلز ٹیکس آن سروسز اور پراپرٹی ٹیکس کو مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ اجلاس میں غیرترقیاتی اخراجات میں کمی اور پنشن ریفارمز کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی ادائیگیوں کو ڈیجیٹائز کر رہی ہے اور تعلیم و صحت کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے، ان کے بروقت اجرا کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مڈل اور پرائمری اسکولز میں انرولمنٹ بڑھانے کے اقدامات کو بھی اجلاس میں اجاگر کیا۔
اجلاس میں تعلیم اور صحت کے شعبوں پر مزید فوکس کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
