کراچی (اسٹاف رپورٹر) — پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے ماہِ ربیع الاول کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ مہینہ عظمت و تقدس میں سب مہینوں سے برتر ہے، کیونکہ اسی میں حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت ہوئی۔ آپ ﷺ کی آمد کائنات کی حقیقی بہار اور نور ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا گلشن حدید کا دورہ، پانی کی دو نئی سپلائی لائنوں کے کام کا معائنہ
انہوں نے کہا کہ 1500 واں جشنِ ولادتِ رسول ﷺ عقیدت، احترام اور پرجوش انداز میں منایا جا رہا ہے۔ کارکنان اور عوام اہلسنت اپنے گھروں، گلیوں اور بازاروں کو چراغاں کریں، مستحقین کی مدد کریں اور اس نعمتِ عظمیٰ پر شکرِ خدا بجا لائیں کہ ہمیں ایک آزاد ملک میں آقائے دو جہاں ﷺ کا جشن منانے کی سعادت حاصل ہے۔ ثروت قادری نے بارش اور سیلاب متاثرین کی امداد کے ساتھ فلسطین، کشمیر اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی۔
مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے کہا کہ کائنات میں بہت سی بہاریں آئیں اور ماند پڑ گئیں، لیکن رسول اکرم ﷺ کی آمد وہ بہار ہے جو لازوال ہے۔ آپ ﷺ سراج منیر ہیں، جن پر غروب کی تاریکیاں اثرانداز نہ ہو سکیں۔
مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ علامہ سلیم قادری شامی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت ایک ایسا تاریخ ساز لمحہ اور عظیم انقلاب ہے جس نے کائنات کو نئی جہت عطا کی۔ آپ ﷺ کے ظہورِ قدسی نے جہالت، ظلم اور شرک کے اندھیروں کو مٹا کر انسانیت کو عدل، ایمان اور احترامِ آدمیت کی روشنی بخشی۔
