کراچی (اسٹاف رپورٹر) — میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب گلشن حدید پہنچے اور علاقے میں پانی کی سپلائی کی دو نئی لائنوں کے کام کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل انتظامیہ کی غفلت کے باعث گلشن حدید کے عوام طویل عرصے سے پانی سے محروم تھے۔ چند افراد کی ہٹ دھرمی نے بھی شہریوں کے مسائل میں اضافہ کیا۔ تاہم اب کراچی کی قیادت عوام کو سہولیات دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دنوں میں مزید علاقوں میں بھی پانی کی لائنوں کا کام شروع کیا جائے گا۔ واٹر کارپوریشن حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ گلشن حدید میں جاری منصوبہ دو ہفتوں کے اندر مکمل کیا جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، منتخب چیئرمین اور دیگر بلدیاتی عہدیداران بھی میئر کراچی کے ہمراہ موجود تھے۔
