آرمی چیف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صوبے میں پائیدار امن و ترقی کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
اے این ایف کا ملک گیر کریک ڈاؤن، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد، دو اسمگلر گرفتار
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے علاقے تربت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو صوبے میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے اچھی طرز حکمرانی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سول و عسکری اداروں کے باہمی تعاون سے ہی بلوچستان کے مسائل کا دیرپا حل ممکن ہے۔
آرمی چیف نے جنوبی بلوچستان میں سماجی و معاشی ترقی کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاک فوج صوبے میں امن کے قیام اور عوامی ترقی کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے قیامِ امن کے لیے فوجی جوانوں کی قربانیوں اور کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
