اسلام آباد: کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (CPNE) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے صدر سی پی این ای کاظم خان کی قیادت میں ڈی جی آئی ایس پی آر سے ملاقات کی۔ وفد کے اراکین نے معرکہ حق کے دوران افواجِ پاکستان کی شاندار کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس دوران آئی ایس پی آر نے نہ صرف کلیدی کردار ادا کیا بلکہ بھارتی میڈیا کے ہیجان انگیز پروپیگنڈے کے مقابلے میں بروقت اور معتبر اطلاعات فراہم کر کے قومی بیانیے کو مستحکم بنایا۔
لاہور میں متنازع محفل پر بزنس ویمن ماریہ بی کا ردعمل، ٹرانسجینڈر ایجنڈے کی فنڈنگ کا الزام
وفد کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی فتح قوم، حکومت اور عسکری اداروں کی مربوط حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کے نوجوان اس ملک کا اصل سرمایہ ہیں اور ان کی مثبت سوچ ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے تمام واقعات کے پیچھے بھارتی منفی عزائم اور وسائل کارفرما ہیں، تاہم پاکستان کی مسلح افواج عوام کی تائید سے اس پراکسی وار کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کو مایوس کرنے کی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، کیونکہ بلوچستان کے محب وطن عوام دشمن عناصر اور ان کے بیرونی آقاؤں کی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستانی میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے ہمیشہ ملکی مسائل اور چیلنجز میں ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا نے اعلیٰ صحافتی اقدار کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا۔
ملاقات کے اختتام پر سی پی این ای کے وفد نے ڈی جی آئی ایس پی آر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

