کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صوبائی موٹر وہیکلز (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دے دی ہے۔ یہ قانون شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے اور اس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بل کے مطابق ہیوی وہیکلز کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا پر مزید شرائط عائد کر دی گئی ہیں، جب کہ ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی لائسنس کے حصول کے لیے پری لائسنس ٹریننگ کورس لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید برآں ڈرائیورز کے لیے ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پوائنٹس کٹوتی ہوگی، اور مقررہ حد سے تجاوز پر لائسنس معطل یا منسوخ بھی کیا جا سکے گا۔
گورنر سندھ نے بل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 116 کے تحت دی جس کے بعد یہ قانون فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا ہے۔
