کراچی (اسٹاف رپورٹر): انفارمیشن سیکریٹری کراچی اور رکن قومی اسمبلی پاکستان پیپلز پارٹی شرمیلا فاروقی نے لیاری کے مختلف علاقوں کا بارش کے دوران دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
نسلہ ٹاور کیس: سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور کاکا سمیت 27 ملزمان بری
شرمیلا فاروقی کے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی یوسف بلوچ، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر خلیل ہوت، راشد ہارون، عنایت مروت سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران انہوں نے چاکی واڑہ، کھارادر، شاہ عبدالطیف بھٹائی روڈ اور مختلف سیوریج پمپنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا اور بلدیاتی عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موسلا دھار بارش کے باوجود لیاری کی مرکزی شاہراہوں پر صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات تسلی بخش ہیں۔
شرمیلا فاروقی نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا عزم ہے کہ عوامی نمائندے ہر وقت عوام کے درمیان موجود رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے کام سے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی ہے اور آج سندھ بھر میں عوام کی واحد امید پیپلز پارٹی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال ماضی کے مقابلے میں زیادہ بارشیں ہوئیں، مگر وزراء، عوامی نمائندے اور کارکنان مسلسل سڑکوں پر عوام کے ساتھ کھڑے رہے۔ "پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ ہے،” شرمیلا فاروقی نے کہا۔

