کراچی (اسٹاف رپورٹر): وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد شہر کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور کسی اہم شاہراہ پر پانی جمع ہونے کی شکایات موجود نہیں۔
نسلہ ٹاور کیس: سابق ڈی جی ایس بی سی اے منظور کاکا سمیت 27 ملزمان بری
جمعرات کو وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ تمام بلدیاتی ملازمین، سول ایڈمنسٹریشن، منتخب نمائندے اور صوبائی وزراء بارشوں کے دوران سڑکوں پر موجود ہیں۔ اہم شاہراہوں کے بعد اب لنک روڈز اور گلی محلوں سے بھی پانی کی نکاسی تیزی سے جاری ہے۔ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں تاکہ مشکلات سے بچا جا سکے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ صدر ٹاؤن میں آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ، کھارادر اور لیاری کے علاقوں میں صورتحال بہتر ہے۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے صفورا ٹاؤن میں ایک بڑی سیوریج لائن زمین بوس ہوگئی تھی جس پر فوری کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح یونیورسٹی روڈ پر حسن اسکوائر اور نیپا چورنگی کے مسائل بھی حل کیے جا رہے ہیں۔
سعید غنی نے بتایا کہ لیاری میں پمپنگ اسٹیشن پر خراب پمپ کو فوری تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ صفورا ٹاؤن، مردان چوک اور سہراب گوٹھ ٹاؤن میں سیوریج لائنز کی کمی اور مسائل پر واٹر کارپوریشن کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر کابینہ کے وزراء اپنی ڈیوٹیوں پر شہر میں موجود ہیں اور بارش کے پانی کی نکاسی کا عمل مسلسل جاری ہے۔ احسن آباد اور اطراف کی آبادیوں میں بھی نکاسی آب کے لیے مشینری لگائی جا رہی ہے۔
