کراچی: پانی چوری کے خلاف جاری مہم کے تحت کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے نیو کراچی میں ایک منظم غیر قانونی پانی کے نیٹ ورک کا سراغ لگا کر اسے ختم کر دیا۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر ریونیو پروٹیکشن اینڈ انفورسمنٹ سیل (RPEC) اور متعلقہ ڈویژن نے پولیس کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران نیو کراچی کے سیکٹر 5/G میں پانی چوری کے لیے قائم غیر قانونی نظام کو بے نقاب کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ 23 جون کو سیکٹر 5/6 میں معمول کے معائنے کے دوران صبا پمپنگ اسٹیشن کے قریب مشتبہ تنصیبات کی نشاندہی ہوئی، جنہیں غیر قانونی پانی کی فراہمی کے نیٹ ورک کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران ملزم فیضان کے قبضے سے آٹھ الیکٹرک موٹرز، پانچ سبمرسیبل پمپس، پلاسٹک پائپ، ویلڈنگ پلیٹ اور دیگر متعلقہ سامان برآمد کیا گیا، جسے ضبط کر لیا گیا۔
ٹیم نے موقع پر موجود غیر قانونی کنکشنز منقطع کیے اور پانی چوری کے پورے نظام کو مسمار کر دیا۔ واٹر کارپوریشن نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج سمیت قانونی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔
ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں پانی چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کے مطابق شہریوں کے حصے کے پانی پر قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔