کراچی (اسٹاف رپورٹر) بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس، انسٹیٹیوٹ آف پروفیشنل سائیکالوجی اور پاکستان نیوی اسکول آف لاجسٹکس کا 21واں کانووکیشن منعقد ہوا، جس میں پاک بحریہ کے سربراہ اور بحریہ یونیورسٹی کے پرو چانسلر ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں۔
کراچی میں پیپلز پارٹی کیماڑی کا جشنِ آزادی و معرکۂ حق ریلی، سعید غنی اور لیاقت آسکانی کا خطاب
ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے خطاب میں طلباء کو نصیحت کی کہ زندگی میں سیکھنے کا عمل جاری رکھیں، اپنے اہداف پر ثابت قدم رہیں اور مشکلات کا سامنا حوصلے اور عزم سے کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیانت داری، محنت اور لگن کی بنیاد ہی آپ کو کامیابی اور عزت فراہم کرے گی اور آپ اپنے خاندان، پیشے اور مادرِ علمی کے لیے باعثِ فخر بنیں گے۔
تقریب سے ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل آصف خالق (ریٹائرڈ) نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ یونیورسٹی اعلیٰ معیارِ تعلیم اور ہمہ جہتی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارغ التحصیل طلباء اپنے پیشہ ورانہ شعبوں میں نمایاں کارکردگی اور دیانت داری کے ساتھ قیادت کرتے ہوئے معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر مختلف شعبہ جات میں 3,276 ڈگریاں، بشمول تین پی ایچ ڈی ڈگریاں، تقسیم کی گئیں جبکہ غیر معمولی تعلیمی کارکردگی پر 95 گولڈ میڈل اور 90 سلور میڈل بھی دیے گئے۔ تقریب میں فارغ التحصیل طلباء، ان کے اہلِ خانہ، پاک بحریہ کے افسران، اساتذہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

