اسلام آباد: پاکستان کی مسلح افواج نے یوم آزادی کے موقع پر ملک کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کی تجدید کر دی۔ اس سلسلے میں "معرکہ حق” کے عنوان سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا جس میں پاک فوج، پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور رینجرز نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے عہد کو دہرایا۔
ترکی کی مسلح افواج کی جانب سے پاک بحریہ کے سربراہ کو ’’لیجن آف میرٹ‘‘ کا اعزاز
پاک فوج نے اپنے پیغام میں کہا کہ "یہ وردی صرف لباس نہیں بلکہ عشق کی پہچان ہے، ہماری سانس، خون، جذبہ اور جنون سب کچھ اس پاک سرزمین کی حفاظت کے لیے وقف ہے”۔
پاک فضائیہ نے کہا کہ "ہماری ہر پرواز اور ہر اڑان پاکستان کے وقار اور سربلندی کی علامت ہے”۔
پاک بحریہ نے سمندری سرحدوں کے دفاع کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم ہر لہر کے سامنے حفاظتی دیوار بن کر کھڑے ہیں”۔
پاک رینجرز نے پیغام میں کہا کہ "پہاڑ ہو یا میدان، طوفان ہو یا کٹھن راہ، وطن کی حفاظت ہمارا ایمان ہے، ہم ہر لمحہ ملک کے امن کے لیے تیار ہیں”۔
مسلح افواج نے یوم آزادی کو آزادی کے حصول کی یادگار کے ساتھ "تحفظِ آزادی” کے جاری معرکے کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا معرکہ ہے جس میں حق کی فتح ہوئی اور اس میں شامل ہونا ہر سپاہی کے لیے باعثِ فخر ہے۔
