کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث ایک خطرناک گروہ کو پولیس نے کارروائی کے دوران گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کی حدود میں گشت کے دوران پولیس نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کورنگی میں پولیس اہلکار محافظ یا ڈاکو؟ بٹھائی چوکی انچارج پر سنگین الزامات، عوام غیرمحفوظ
گرفتار ملزمان کی شناخت موحیدالدین، آویس اور فیاض کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق ملزمان متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹتے تھے۔
ملزمان عام طور پر 125 سی سی موٹرسائیکل سواروں کو نشانہ بناتے تھے۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے کئی وارداتوں کا انکشاف کیا، جن میں لائنز ایریا، رزویہ اور تھانہ جمشید کے علاقوں میں چھینی گئی موٹرسائیکلیں شامل ہیں۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین عدد 125 موٹرسائیکلیں، دو پستول، گولیاں اور نقدی برآمد کر لی ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزم موحیدالدین 17 سے زائد مقدمات میں گرفتار ہو چکا ہے۔ گرفتار افراد کے خلاف ضابطے کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

