کراچی: سنٹرل پولیس آفس (CPO) کراچی میں انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن کی جانب سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی، لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید کے اعزاز میں ایک پُروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید حال ہی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (FIA) میں ٹرانسفر ہوئے ہیں۔
واٹر کارپوریشن میں بدانتظامی، نیپا و صفورہ ہائیڈرنٹس پر چھاپے ڈرامہ قرار: علی خورشیدی
تقریب میں سندھ پولیس کے سینئر افسران، ساتھیوں اور معززین نے شرکت کی اور لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید ایک فرض شناس، اصول پسند اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کے حامل افسر ہیں۔ ان کی رخصتی سندھ پولیس کے لیے ایک خلا ضرور پیدا کرے گی، تاہم ہمیں یقین ہے کہ وہ ایف آئی اے میں بھی بھرپور جذبے سے خدمات انجام دیں گے۔
لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کے ساتھ کام کرنا میرے لیے ایک اعزاز رہا۔ میں اس ادارے سے عزت و احترام کے ساتھ رخصت ہو رہا ہوں اور اپنے تمام ساتھیوں کی محبت و تعاون کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔
تقریب کے اختتام پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید کو روایتی اجرک، یادگاری شیلڈ اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

