کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری امریکا، برطانیہ اور یورپ کے دورے مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر جیالوں کی بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کے استقبال کے لیے خواتین، بزرگ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اطالوی بحریہ کے جہاز انتونیو مارچیلیا کی پاک بحریہ کے ساتھ دو طرفہ مشقوں میں شرکت
بلاول بھٹو زرداری نے وطن واپسی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو امریکا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دیا گیا ظہرانہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا بیانیہ عالمی سطح پر تسلیم کر لیا گیا ہے اور یہ پاکستان کی بڑی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی شکست خوردہ ملک کے فیلڈ مارشل کو امریکا میں ظہرانہ نہیں دیا جاتا۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ میں نے صدر پاکستان اور وزیر اعظم کی اجازت سے دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ہر پلیٹ فارم پر کشمیر کی آواز بلند کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو ہم نے اس کو منہ توڑ جواب دیا، بھارت نے اگر پاکستان کا پانی روکا تو پھر جنگ ہوگی اور تمام دریاؤں پر پاکستان کا ہی کنٹرول ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی دہشت گردانہ کارروائیوں کا جواب دیتے ہوئے ہم نے اس کے 6 طیارے گرائے اور دنیا نے خود دیکھا کہ پاکستان نے کس کے طیارے مار گرائے، ایک ماہ بعد بھارت نے اس حقیقت کو تسلیم کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ پر حملہ دراصل پیپلز پارٹی پر حملہ ہے، ہم بھارت کو بتانا چاہتے ہیں کہ سندھ طاس معاہدہ کو ماننا پڑے گا، اور پاکستان کا پانی بند کرنے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر امن کا پیغام لے کر نکلا اور ہم نے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر پاکستان کا مقدمہ لڑا۔
