کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں محرم الحرام 1447ھ کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی ایڈمن، زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی ٹریفک، فقہ جعفریہ کے علمائے کرام، جلوس و مجالس کے منتظمین اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
محرم الحرام سیکیورٹی: کورنگی پولیس کی اہم میٹنگ، علماء و منتظمین سے مشاورت
اجلاس میں محرم کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک کی روانی، روڈ استرکاری، تجاوزات کے خاتمے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
علمائے کرام اور منتظمین نے گزشتہ برس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بعض تجاویز پیش کیں، جنہیں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے غور سے سنا اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔
ایڈیشنل آئی جی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ سول اداروں سے قریبی رابطہ رکھیں اور تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ انہوں نے سیکیورٹی پلان کو فول پروف بنانے، علمائے کرام کی سیکیورٹی یقینی بنانے، اور کسی بھی ممکنہ دہشت گردی یا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے متبادل ٹریفک روٹس کی منصوبہ بندی اور ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔
اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

