کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل کا رواں ہفتے دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ٹرمینل سے متعلقہ مسائل کا جائزہ لیا جا سکے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
اسرائیل عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا دوٹوک مؤقف
یہ فیصلہ کمشنر آفس کراچی میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں ایڈیشنل کمشنر سید غلام مہدی شاہ، ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو، ڈپٹی کمشنر کیماڑی راجہ طارق حسین چانڈیو، اور KMC، کے پی ٹی، KWSC، شیل پاکستان، پی ایس او، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کمشنر کو بریفنگ دی گئی کہ KMC نے ذوالفقار آباد ٹرمینل پر 3200 آئل ٹینکرز کی پارکنگ کے لیے انتظامات کیے ہیں، جہاں 1400 دکانیں، ورکشاپس اور مساجد کی سہولیات بھی موجود ہیں۔
آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ اگر سہولیات فراہم کر دی جائیں تو وہ شیریں جناح کالونی سے فوری طور پر منتقل ہو جائیں گے۔
کمشنر کراچی نے اعلان کیا کہ وہ خود ذوالفقار آباد کا دورہ کریں گے اور موقع پر موجود مسائل کا مشاہدہ کریں گے تاکہ جلد از جلد ان کا حل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے پولیس چوکی اور ورکشاپ کے فوری قیام کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
مزید برآں، انہوں نے KMC کے نمائندے فیصل رضوی کو ہدایت دی کہ آئندہ دو روز میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن، کنٹریکٹرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ ملاقات کریں اور تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔
کمشنر کراچی نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ انشاء اللہ یہ دیرینہ مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
